ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بیندور میں ماہی گیروں کے دوفریقوں کے درمیان جھڑپ،پولیس لاٹھی چارج

بیندور میں ماہی گیروں کے دوفریقوں کے درمیان جھڑپ،پولیس لاٹھی چارج

Sun, 08 Nov 2020 10:59:22    S.O. News Service

بیندور،8؍نومبر (ایس او نیوز) بیندور تعلقہ کے کرمنجیشور میں واقع کوڈیری ماہی گیر بندرگاہ پر مچھلیوں کی نیلامی سے متعلق مسئلے پراوپوندا اورکوڈیری کے ماہی گیروں میں جھڑ  پ ہوگئی جس پر قابو پانے کے لئے پولیس کو لاٹھی چارج کا سہارا لینا پڑا۔ آپسی مارپیٹ میں دونوں طرف کے کئی ماہی گیر زخمی ہوگئے ہیں جبکہ  مشتعل ماہی گیروں کی جانب سے پولیس پر بھی پتھراؤ  کیے جانے کی خبر ہے۔ 

اطلاع  کے مطابق کوڈیری ماہی گیر بندرگاہ پر کوڈیری کے علاوہ مرونتے کے علاقے سے تعلق رکھنے والے ماہی گیروں کو اپنی مچھلیاں نیلامی کے ذریعے فروخت کرنے کی عارضی اجازت دی گئی تھی۔اسی کے مطابق سنیچر کی شام کو جب  اُوپندا سے تعلق رکھنے والی 100 کے قریب ماہی گیر کشتیاں اپنی شکار کی گئی مچھلیوں کےساتھ کوڈیری بندرگاہ کی طرف بڑھنےلگیں تو کوڈیری کے ماہی گیروں نے  درمیان میں اپنی اپنی کشتیاں لنگر انداز کرتے ہوئے    ان کا راستہ درمیان میں روک دیا اور نیلامی کے علاقے تک انہیں جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

کوڈیری علاقے کے ماہی گیروں کا کہنا تھا کہ اس ماہی گیر بندرگاہ پر مچھلیوں کی نیلامی کے لئے پہلے  بنیادی سہولتیں  فراہم کی جائیں اور ندی پر ایک پُل تعمیر کرنے کا کام انجام دیاجائے  اس کے بعد ہی دوسرے علاقے کے ماہی گیروں کو یہاں مچھلیاں نیلام کرنے کی اجازت دی جائے۔دوسری طرف اُپندا  کے ماہی گیروں نے ضد پکڑی کہ  جب تک محکمہ ماہی گیری کی طرف سے یہاں پر مچھلی نیلامی کی ہمیں تحریری طور پر عارضی اجازت دی گئی ہے تو اس میں کوئی کیسے رکاوٹ پیدا کرسکتا ہے۔

کشیدگی اورہنگامہ آرائی  کی اطلاع ملنے پر کنداپوراسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہری رام شنکر دیگر افسران اور عملے کےساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ اس کے علاوہ تحصیلدار بی پی پوجار بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ ان سب نے دونوں گروہوں کے ساتھ بڑی دیرتک مصالحتی بات چیت کی مگر کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔کیونکہ کوڈیری کے ماہی گیر اپنے موقف سے  ذرا بھی ٹس سے مس  ہونے کے لئے تیار نہیں تھے۔

جب اُپندا کے ماہی گیروں کو چار گھنٹے سے زیادہ مچھلیوں کے ساتھ  بندر گاہ سے دور روکے رکھا گیا تووہ لوگ مشتعل ہو گئے اور  اپنی کشتیاں کوڈیری ماہی گیروں کی کشتیوں سے ٹکرانے کے لئے آگے بڑھے۔اور پھر کشتیو ں پر مار پیٹ شروع ہوگئی۔  دیکھتے ہی پولیس عملہ بھی کشتیوں پر چڑھ گیا اور دونوں فریقوں کو سمجھانے کی کوشش کی مگر بات نہیں بنی تو پھر لاٹھی چارج کا سہارا لیا گیا۔

پتہ چلا ہے کہ بندرگاہ میں کشتیوں کے اوپرشروع ہونے والا یہ جھگڑا آس پاس کے کئی علاقوں میں پھیل گیا اور مارپیٹ میں دونوں طرف سے کئی ماہی گیرزخمی ہوگئے ہیں ، جبکہ پولیس پر مشتعل ماہی گیروں کی طرف سے  پتھراؤ کیے جانے کی بھی اطلاع ہے۔زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ علاقے میں  کشیدگی ہے جس پر قابو پانے کے لئے پولیس بندوبست بڑھا دیا گیا ہے۔


Share: